تعارف

حضرت مفتی سید احمداللہ غوری صاحب نقشبندی مجددی دامت برکاتہم خلیفہ مجاز محبوب العلماء و الصلحاء حضرت اقدس مولانا حافظ پیر ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی مجددی دامت برکاتہم حضرت شاہ سید سلیم اللہ غوری صاحب دامت برکاتہم خلیفہ مجاز محی السنہ حضرت مولانا شاہ ابرارالحق صاحب حقی رحمۃ اللہ علیہ ہردوئی کے فرزند ارجمند ہیں۔

آپ نے شہر حیدرآباد (تلنگانہ) کی مشہور و معروف دینی درسگاہ ادارہ اشرف العلوم سے حفظ قرآن کریم کی تکمیل کی پھر وہیں سے عربی سوم تک عالمیت کے نصاب کی تکمیل کے بعد مدرسہ مفتاح العلوم میل وشارم تمل ناڈو سے مشکوۃ شریف تک کی تعلیم مکمل کی

بعد ازاں یکے بعد دیگرے ملک کی دو مایہ ناز اسلامی درسگاہوں مظاہر علوم سہارنپور اور دارالعلوم دیوبند سے ٢٠٠٤ء اور ٢٠٠٥ء میں دورۂ حدیث شریف کی تکمیل کی۔

دینی علوم کی تحصیل کے بعد مولانا آزاد انٹرنیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد سے دو سالہ ایم اے (عربی) کورس کیا۔

تعلیمی سرگرمیوں کے رسمی اختتام کے بعد آپ نے محبوب العلماء و الصلحاء حضرت اقدس مولانا حافظ پیر ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی مجددی دامت برکاتہم کی زیر نگرانی و تربیت خصوصی مکہ مکرمہ میں چھ سالہ قیام کی سعادت حاصل کی ،اس دوران آپ کی مصروفیت آن لائن درس و تدریس کے علاوہ اپنے شیخ کے حسب ایماء و حکم مختلف تصنیفی و تالیفی امور نیز متقدمین مشائخ نقشبند کے بعض فارسی کتب و مخطوطات کے ترجمے و کمپیوٹر کتابت و غیرہ جیسی خدمات سے متعلق رہی۔

سن 2007 سے آپ نے سلسلہ عالیہ نقشبندیہ سے اپنا غلامی کا تعلق قائم کیا پھر سن 2012 سے باقاعدہ اپنے شیخ و مرشد کی براہ راست تربیت و نگرانی میں سلوک نقشبندیہ مجددیہ کے اسباق طے کرتے رہے تا آنکہ سن ٢٠١٥ء میں افریقہ کے ایک ملک زامبیا میں،بموقع اعتکاف رمضان المبارک،آپ کو محبوب العلماء و الصلحاء حضرت مولانا حافظ پیر ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی مجددی دامت برکاتہم نے اجازت و خلافت کی نعمت سے سرفراز فرمایا۔

اس وقت سے آپ اپنے شیخ کے حکم کے مطابق تزکیۂ نفس اور اصلاح خلق کے کام میں برابر مشغول ہیں۔ان دنوں آپ کے ہندوستان کی پانچ ریاستوں(مہاراشٹر،تلنگانہ، آندھرا، کرناٹک اور ایم پی) کے مختلف اضلاع میں سلسلۂ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ کی نسبت پر دعوتی اور اصلاحی اسفار جاری ہیں۔
آپ ہر سال رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد جان محمد،ہرسول ٹی پوائنٹ،اورنگ آباد (مہاراشٹر) میں اعتکاف فرماتے ہیں،جس میں عوام الناس کے علاوہ اہل علم حضرات کی ایک بڑی تعداد بھی آپ سے استفادہ کرتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جہاں آپ سے عوام الناس کا ایک بڑا طبقہ فیض یاب ہورہا ہے وہیں کثیر تعداد میں علماء کرام آپ سے بیعت و اصلاح کا تعلق قائم کئے ہوئے ہیں۔

مزید بر آں آپ نے سالکین کرام کے لئے صحیح علم کی روشنی میں راہ تصوف طئے کرنے کی غرض سے اپنے شیخ محترم کے حکم پر دو آن لائن اکیڈمی ابوہریرہ اکیڈمی برائے مرد حضرات اور ام سلمہ اکیڈمی برائے خواتین کی بناء رکھی جس میں اس وقت ١٥/ سال سے لیکر ٦٥/ سال تک کی عمر کے،مختلف پیشوں سے وابستہ ٣١٥/ مرد و خواتین نصاب عالمیت کی تکمیل میں مشغول ہیں